نئی دہلی، 3 ؍مارچ (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) وزیر اعظم نریندر مودی نے آج وگیان بھون میں کنسٹرکشن ٹیکنالوجی انڈیا ایوینٹ، 2019 کی تقریب سے خطاب کیا۔ وزیر اعظم نے مرکزی حکومت کی اس بات کو یقینی بنانے کی عہد بندی پر زور دیا کہ ہر ایک خاندان کا ایک مکان کا خواب حقیقت بنے گا۔ اور کہا کہ گلوبل ہاؤسنگ ٹیکنالوجی چیلنج کی ضرورت ہندوستان میں تیزی سے ہونے والی شہرکاری کی روشنی میں محسوس کی گئی۔ انھوں نے کہا کہ پی ایم آواس یوجنا سمیت کئی اسکیموں کے عناصر مکانات کے شعبے کی کایا پلٹ کرنے کے لیے تیار کئے گئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ مختلف جغرافیائی صورت حال کے سلسلے میں ٹیکنالوجی اختیار کرنا بھی ایک چیلنج ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ سستے مکانات، ریئل اسٹیٹ کے شعبے، ہنرمندی کی ترقی اور مکانات کی ٹیکنالوجی پر بہت زیادہ زور دیا جاچکا ہے۔انھوں نے کہا کہ اْن کا خواب ہے کہ ہر ایک ہندوستانی کے پاس 2022 تک ایک مناسب مکان ہو اور اْن کے دور اقتدار میں 1.3 کروڑ مکانات کی تعمیر کی جاچکی ہے۔ انھوں نے سبھی سے اپیل کی کہ وہ صلاحیتوں میں اضافے اور غریب کی مدد کرنے کے لیے مل جل کر کام کریں۔وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت ٹیکس اور دیگر اقدامات کے ذریعے لوگوں کے لیے مکانات کی خریداری کو بھی آسان بنا رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ریئل اسٹیٹ (ریگولیشن اینڈ ڈیولپمنٹ) ایکٹ نے ڈیولپرس میں صارفین کے اعتماد کو بہتربنایا ہے اور اس سے ریئل اسٹیٹ شعبے میں شفافیت آئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ خصوصی طور پر دیہی علاقوں میں ہنرمند انسانی وسائل کا ایک بڑا پول تیار کیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ تعمیرات کے شعبے میں اب آفات کو برداشت کرنے کی صلاحیت، بجلی کی بچت اور مقامی اختراع پر زیادہ توجہ مرکوز کی جارہی ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ گلوبل ہاؤسنگ ٹیکنالوجی چیلنج ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جو بین الاقوامی معیارات کے مطابق ہندوستانی تعمیرات کے ایکو سسٹم کو بہتر بنانے میں مدد کرسکتا ہے۔ انھوں نے اعلان کیا کہ اپریل 2019 سے مارچ 2020 تک کی مدت کو کنسٹرکشن ٹیکنالوجی سال کے طور پر منایا جائے گا۔مکانات اور شہری امور کے وزیر مملکت (آزادانہ چارج) جناب ہردیپ ایس پوری، مکانات اور شہری امور کی وزارت کے سکریٹری جناب درگا شنکر مشرا، ریاستی حکومتوں کے افسران اور صنعتی ایسوسی ایشنز کے نمائندے بھی اس تقریب میں موجود تھے۔ اس تقریب کے دوران وزیر اعظم نے اختراع اور متبادل مکانات کی ٹیکنالوجی کے بارے میں تبادلے کو آسان بنانے کے لیے تمام متعلقین کے لیے اظہارِ رائے کا ایک پلیٹ فارم جی ایچ ٹی سی۔ انڈیا موبائل ایپلی کیشن کا بھی آغاز کیا۔وزیر اعظم نے پورے ملک میں موجودہ خطرے کی صورتحال کے سلسلے میں ایک موازنہ ولنریلیبلیٹی ایٹلس آف انڈیا کی تیسرے ایڈیشن کا بھی آغاز کیا۔اپنے خطاب کے دوران ہردیپ ایس پوری نے کہا کہ : ’ایسے ہندوستانی شہرجو 2050 تک مجموعی گھریلو پیداوار میں 80 فیصد کی حصے داری کریں گے، انھیں پائیدار ترقی کو فروع دینے اور بہتر معیار زندگی کو یقینی بنانے کے لیے تاثر پذیر اختراعی اور مثبت ہونے کی ضرورت ہے‘۔وزیر اعظم اور شرکاء کا خیر مقدم کرتے ہوئے مکانات اور شہری امور کی وزارت کے سکریٹری درگا شنکر مشرا نے کہا کہ یہ وزیر اعظم کا وِژن ہی تھا کہ 2022 تک ہر ایک ہندوستانی کو مکان ملے گا۔ اس کو ممکن بنانے کے لیے نئے دور کی تعمیراتی ٹیکنالوجی میں چھلانگ لگانے کی غرص سے جی ایچ ٹی سی کے بارے میں سوچا گیا ۔